Sunday, May 26, 2019

یادداشتیں




ہوش والوں کو خبر کیا، بیخودی کیا چیز ہے
عشق کیجیے، پھر سمجھیے، زندگی کیا چیز ہے

3 مئی 2019، جمعة المبارک کی ایک سہ پہر - یہ تصویر تراڑکھل آزاد کشمیر بازار کے ایک چائے کے ڈھابے پر بیٹھے ہوئے ایک ایسے شخص کی ہے جس کی پہچان و شناخت اسی تک محدود تھی، یا پھر اردگرد کے لوگ جانتے ہوں گے، یا پھر علیم و خبیر پروردگار کو ہی بہتر پتا ہو گا ۔ وقت محدود تھا، میں اپنے دوستوں کے ہمراہ اسلام آباد کی طرف عازم سفر تھا، میں چاہتے ہوئے بھی مزید جاننے کی کوشش نہیں کر پایا ۔
ایک مفلوک الحال شخص، جس کی کل کائنات اس کے پاس موجود پلاسٹک کے تھیلے میں موجود کچھ سامان تھا جسے وہ اپنے ساتھ سمیٹے ہوئے تھا ۔ وہ کرسی پر بیٹھا ہوا دیگر جہان والوں سے بے نیاز اپنی دھن میں مگن، اپنی ہی دنیا میں محو تھا ۔ وقت کی تیز و تند لہروں نے اس کی جوانی کے نقوش دھندلا دیے تھے، اب تو جیسے

چہرے پہ اجاڑ زندگی کے
لمحات کی ان گنت خراشیں
آنکھوں کے شکستہ مرقدوں میں
حسرتوں کی روٹھی ہوئی لاشیں

اس کا بھی کوئی ماضی ہو گا،  اس کے وجود سے منسلک کوئی شخصیت ہو گی، اس سے وابستہ تلخ ہی سہی مگر کچھ یادداشتیں تو اس کی ذات سے تو منسلک و ملحق ہوں گی ۔ یا پھر قدرت نے اسے آغاز حیات سے ہی اس کڑی آزمائش میں ڈال کر حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا تھا ۔ جو کچھ بھی تھا، ایک عمر تھی، ایک لمبا سفر تھا، جسے گزارنے والے، جس سے گزرنے والے مسافر کو ہی اصل حالات و کیفیات کا ادراک تھا ۔ خیر، وہ ذات پاک ہے جو کسی پر اس کی استطاعت سے بڑھ کر بوجھ نہیں ڈالتی ۔
یہ آزمائش و امتحان در حقیقت اہل ہوش و عقل کا ہوتا ہے کہ ان کے ارد گرد قابل توجہ لوگ اگر موجود تھے تو کیا انہوں نے ان کی ضروریات کا خیال رکھا، جس توجہ اور حسن سلوک کے وہ مستحق تھے، وہ سلوک روا رکھا یا پھر انہیں گردش زمانہ کی نذر ہونے دیا، یہ عمومی رویے بارگاہ بے نیاز میں قابل مواخذہ اور قابل پرسش بھی ہو سکتے ہیں، کاش ہم لوگ ایسا سوچنے کی زحمت بھی گوارا کریں ۔

میں نے ہوٹل مالک کو اسے چائے کا کپ پیش کرنے کو کہا، اسے چائے پیش کی گئی، اس نے اطمینان سے چائے پی، میرے پاس کیمرہ تھا، میں نے اس کی ایک تصویر لی جو کہ تحریر کے ساتھ ہی منسلک ہے ۔ میں نے مختصر وقت میں اس شخص کی جو حرکات و سکنات نوٹ کیں، وہ یہ تھیں کہ وہ آسمان کی طرف دیکھتا تھا، مسکراتا تھا، سر کو جنبش دیتا تھا، جھکا لیتا تھا جیسے اسے دور پار خلاؤں میں کوئی خوبصورت شے نظر آ رہی ہو جو بظاہر تو آنکھوں کو خیرہ کر دینے والی ہو مگر اس کی دسترس سے دور ہو یا اس شے کا تعلق کہیں اس کے بچپنے سے، لڑکپن سے، نوجوانی سے ہو جسے وہ ذہن میں لانے کے لیے کوشاں ہو مگر یہ بھی اس کے اختیار میں نہ ہو ۔

 واپسی کا وقت ہو چکا تھا، میں نے جاتے ہوئے ایک دل گرفتہ مسکراہٹ اس کی نذر کی جو کہ الوداعی سلام تھا، اس کے چہرے پر بھی لمحاتی مسکراہٹ لوٹ آئی تھی کہ جو آتی جاتی رہتی تھی، اس کی آنکھوں میں چمک تھی کہ بے بسی، امید کی لو تھی یا پھر اپنے اختتام کی منتظر اداسی ۔ گلے شکوے تھے یا پھر کچھ سوال ۔ ملی جلی کیفیات کا مرقع وہ شکستہ آنکھیں جن کی نظروں کا مزید سامنا کرنے کی مجھ میں تو کم از کم تاب نہ تھی، دل میں انسانی ہمدردی کا جذبہ ہونے کے باوجود میں بھی تو مصروف تھا، جس کے پاس کسی کو دینے کے لیے وقت نہیں تھا ۔ مجھے شدت سے اپنے تہی داماں ہونے کا احساس ہوا جو چاہتے ہوئے بھی ایک ہوش و خرد سے بیگانے شخص کی کچھ مدد نہ کر پایا تھا، البتہ وہ نگاہیں جیسے انہوں نے سارا سفر مرا تعاقب کیا ہو، مجھے اب تلک یاد ہیں ۔ اور پھر مسافر بھلا اہل طلب کا کب آسرا بنے ہیں ۔

یہ کن نظروں سے تو نے دیکھا مجھے
کہ ترا دیکھنا مجھ سے دیکھا نہ جائے

آپ احباب سے دست بستہ گزارش ہے کہ آپ سے جو کچھ بھی ہو سکتا ہو، ایسے لوگوں کی مدد کیجیے ۔ ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی کوشش کیجیے اور ان کا جس قدر آپ خیال رکھ سکتے ہیں، خیال رکھیے ۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ کو کسی کی مدد کرنے کا موقع تو ملے مگر وقت گزر جائے اور ایسا نہ کرنا آپ کے لیے خلش دل، سوہان روح بن جائے۔

( توجہ سے پڑھنے اور اپنا قیمتی وقت دینے کے لیے آپ کا مشکور و ممنون ہوں، اگر ہو سکے تو یہ پیغام آگے پہنچانے میں مدد کیجیے اور اس تحریر کو دوسروں کے ساتھ بھی شئیر کر دیجیے

یوں تو خدا کے عاشق ہیں ہزاروں، بنوں میں پھرتے ہیں مارے مارے
میں اس کا بندہ بنوں گا جس کو خدا کے بندوں سے پیار ہو گا )

تحریر: اسد قیوم بابر
"یادداشتیں"

No comments:

Post a Comment