Tuesday, November 06, 2018

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ

" ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﻣﺮﺩ ﺳﮯ ﻣﻘﺎﺑﻠﮧ ﻧﮧ ﮐﺮﻧﺎ ﺍﻭﺭ ﺍﺱ ﺳﮯ ﺍﯾﮏ ﺩﺭﺟﮧ ﮐﻤﺰﻭﺭ ﺭﮨﻨﺎ "

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﮐﮩﯿﮟ ﺑﺎﮨﺮ ﺟﺎﺗﮯ ﮨﻮﺋﮯ ﻭﮦ مجھ ﺳﮯ ﮐﮩﺘﺎ ﮨﮯ " ﺭﮐﻮ ! ﻣﯿﮟ ﺗﻤﮩﯿﮟ ﻟﮯ ﺟﺎﺗﺎ ﮨﻮﮞ ﯾﺎ ﻣﯿﮟ ﺑﮭﯽ ﺗﻤﮩﺎﺭﮮ ﺳﺎتھ ﭼﻠﺘﺎ ﮨﻮﮞ

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﻭﮦ مجھ ﺳﮯ ﺍﯾﮏ ﻗﺪﻡ ﺁﮔﮯ ﭼﻠﺘﺎ ﮨﮯ . ﻏﯿﺮ ﻣﺤﻔﻮﻅ ﺍﻭﺭ ﺧﻄﺮﻧﺎﮎ ﺭﺍﺳﺘﮯ ﭘﺮ ﺍﺳﮑﮯ ﭘﯿﭽﮭﮯ ﭘﯿﭽﮭﮯ ﺍﺳﮑﮯ ﭼﮭﻮﮌﮮ ﮨﻮﺋﮯ ﻗﺪﻣﻮﮞ ﮐﮯ ﻧﺸﺎﻥ ﭘﺮ ﭼﻠﺘﮯ ﮨﻮﺋﮯ ﺍﺣﺴﺎﺱ ﮨﻮﺗﺎ ﮨﮯ ﺍﺱ ﻧﮯ ﻣﯿﺮﮮ ﺧﯿﺎﻝ ﺳﮯ ﻗﺪﺭﮮ ﮨﻤﻮﺍﺭ ﺭﺍﺳﺘﮯ ﮐﺎ ﺍﻧﺘﺨﺎﺏ ﮐﯿﺎ

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﮔﮩﺮﺍﺋﯽ ﺳﮯ ﺍﻭﭘﺮ ﭼﮍﮬﺘﮯ ﺍﻭﺭ ﺍﻭﻧﭽﺎﺋﯽ ﺳﮯ ﮈﮬﻼﻥ ﮐﯽ ﻃﺮﻑ ﺟﺎﺗﮯ ﮨﻮﺋﮯ ﻭﮦ ﻣﮍ ﻣﮍ ﮐﺮ ﻣﺠﮭﮯ ﭼﮍﮬﻨﮯ ﺍﻭﺭ ﺍﺗﺮﻧﮯ ﻣﯿﮟ ﻣﺪﺩ ﺩﯾﻨﮯ ﮐﮯ ﺑﺎﺭ ﺑﺎﺭ ﺍﭘﻨﺎ ﮨﺎتھ ﺑﮍﮬﺎﺗﺎ ﮨﮯ 

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﮐﺴﯽ ﺳﻔﺮ ﭘﺮ ﺟﺎﺗﮯ ﺍﻭﺭ ﻭﺍﭘﺲ ﺁﺗﮯ ﮨﻮﺋﮯ ﺳﺎﻣﺎﻥ ﮐﺎ ﺳﺎﺭﺍ ﺑﻮﺟﮫ ﻭﮦ ﺍﭘﻨﮯ ﺩﻭﻧﻮﮞ ﮐﺎﻧﺪﮬﻮﮞ ﺍﻭﺭ ﺳﺮ ﭘﺮ ﺑﻨﺎ ﺩﺭﺧﻮﺍﺳﺖ ﮐﯿﮯ ﺧﻮﺩ ﮨﯽ ﺑﮍﮪ ﮐﺮ ﺍﭨﮭﺎ ﻟﯿﺘﺎ ﮨﮯ . ﺍﻭﺭ ﺍﮐﺜﺮ ﻭﺯﻧﯽ ﭼﯿﺰﻭﮞ ﮐﻮ ﺩﻭﺳﺮﯼ ﺟﮕﮧ ﻣﻨﺘﻘﻞ ﮐﺮﺗﮯ ﻭﻗﺖ ﺍﺳﮑﺎ ﯾﮧ ﮐﮩﻨﺎ ﮐﮧ " ﺗﻢ ﭼﮭﻮﮌ ﺩﻭ ﯾﮧ ﻣﯿﺮﺍ ﮐﺎﻡ ﮨﮯ 

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﻭﮦ ﻣﯿﺮﯼ ﻭﺟﮧ ﺳﮯ ﺷﺪﯾﺪ ﻣﻮﺳﻢ ﻣﯿﮟ ﺳﻮﺍﺭﯼ ﮐﺎ ﺍﻧﺘﻈﺎﺭ ﮐﺮﻧﮯ ﮐﮯ ﻟﯿﮯ ﻧﺴﺒﺘﺎً ﺳﺎﯾﮧ ﺩﺍﺭ ﺍﻭﺭ ﻣﺤﻔﻮﻅ ﻣﻘﺎﻡ ﮐﺎ ﺍﻧﺘﺨﺎﺏ ﮐﺮﺗﺎ ﮨﮯ

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﻭﮦ ﻣﺠﮭﮯ ﺿﺮﻭﺭﺕ ﮐﯽ ﮨﺮ ﭼﯿﺰ ﮔﮭﺮ ﭘﺮ ﮨﯽ ﻣﮩﯿﺎ ﮐﺮ ﺩﯾﺘﺎ ﮨﮯ ﺗﺎﮐﮧ ﻣﺠﮭﮯ ﮔﮭﺮ ﮐﯽ ﺫﻣﮧ ﺩﺍﺭﯾﻮﮞ ﮐﮯ ﺳﺎﺗﮫ ﺳﺎﺗﮫ ﺑﺎﮨﺮ ﺟﺎﻧﮯ ﮐﯽ ﺩﻗﺖ ﻧﮧ ﺍﭨﮭﺎﻧﯽ ﭘﮍﮮ ﺍﻭﺭ ﻟﻮﮔﻮﮞ ﮐﮯ ﻧﺎﻣﻨﺎﺳﺐ ﺭﻭﯾﻮﮞ ﮐﺎ ﺳﺎﻣﻨﺎ ﻧﮧ ﮐﺮﻧﺎ ﭘﮍﮮ

ﻣﺠﮭﮯ ﺑﮩﺖ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﺭﺍﺕ ﮐﯽ ﺧﻨﮑﯽ ﻣﯿﮟ ﻣﯿﺮﮮ ﺳﺎﺗﮫ ﺁﺳﻤﺎﻥ ﭘﺮ ﺗﺎﺭﮮ ﮔﻨﺘﮯ ﮨﻮﺋﮯ ﻭﮦ ﻣﺠﮭﮯ ﭨﮭﻨﮉ ﻟﮓ ﺟﺎﻧﮯ ﮐﮯ ﮈﺭ ﺳﮯ ﺍﭘﻨﺎ ﮐﻮﭦ ﺍﺗﺎﺭ ﮐﺮ ﻣﯿﺮﮮ ﺷﺎﻧﻮﮞ ﭘﺮ ﮈﺍﻝ ﺩﯾﺘﺎ ﮨﮯ

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﻭﮦ ﻣﺠﮭﮯ ﻣﯿﺮﮮ ﺳﺎﺭﮮ ﻏﻢ ﺁﻧﺴﻮﺅﮞ ﻣﯿﮟ ﺑﮩﺎﻧﮯ ﮐﮯ ﻟﯿﮯ ﺍﭘﻨﺎ ﻣﻈﺒﻮﻁ ﮐﺎﻧﺪﮬﺎ ﭘﯿﺶ ﮐﺮﺗﺎ ﮨﮯ ﺍﻭﺭ ﮨﺮ ﻗﺪﻡ ﭘﺮ ﺍﭘﻨﮯ ساتھ ﮨﻮﻧﮯ ﮐﺎ ﯾﻘﯿﻦ ﺩﻻﺗﺎ ﮨﮯ

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﻭﮦ ﺑﺪﺗﺮﯾﻦ ﺣﺎﻻﺕ ﻣﯿﮟ ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭘﻨﯽ ﻣﺘﺎﻉِ ﺣﯿﺎﺕ ﻣﺎﻥ ﮐﺮ ﺗﺤﻔﻆ ﺩﯾﻨﮯ ﮐﮯ ﻟﯿﮯ ﻣﯿﺮﮮ ﺁﮔﮯ ﮈﮬﺎﻝ ﮐﯽ ﻃﺮﺡ ﮐﮭﮍﺍ ﮨﻮﺟﺎﺗﺎ ﮨﮯ ﺍﻭﺭ ﮐﮩﺘﺎ ﮨﮯ " ﮈﺭﻭ ﻣﺖ ﻣﯿﮟ ﺗﻤﮩﯿﮟ ﮐﭽﮫ ﻧﮩﯿﮟ ﮨﻮﻧﮯ ﺩﻭﮞ ﮔﺎ

ﻣﺠﮭﮯ ﺍﭼﮭﺎ ﻟﮕﺘﺎ ﮨﮯ ﺟﺐ ﻭﮦ ﻣﺠﮭﮯ ﻏﯿﺮ ﻧﻈﺮﻭﮞ ﺳﮯ ﻣﺤﻔﻮﻅ ﺭﮨﻨﮯ ﮐﮯ ﻟﺌﮯ ﻧﺼﯿﺤﺖ ﮐﺮﺗﺎ ﮨﮯ ﺍﻭﺭ ﺍﭘﻨﺎ ﺣﻖ ﺟﺘﺎﺗﮯ ﮨﻮﺋﮯ ﮐﮩﺘﺎ ﮨﮯ ﮐﮧ " ﺗﻢ ﺻﺮﻑ ﻣﯿﺮﯼ ﮨﻮ

ﻟﯿﮑﻦ ﺍﻓﺴﻮﺱ ﮨﻢ ﺳﮯ ﺍﮐﺜﺮ ﻟﮍﮐﯿﺎﮞ ﺍﻥ ﺗﻤﺎﻡ ﺧﻮﺷﮕﻮﺍﺭ ﺍﺣﺴﺎﺳﺎﺕ ﮐﻮ ﻣﺤﺾ ﻣﺮﺩ ﺳﮯ ﺑﺮﺍﺑﺮﯼ ﮐﺎ ﻣﻘﺎﺑﻠﮧ ﮐﺮﻧﮯ ﮐﯽ ﻭﺟﮧ ﺳﮯ ﮐﮭﻮ ﺩﯾﺘﯽ ﮨﯿﮟ .

ﺷﺎﯾﺪ ﺳﻔﯿﺪ ﮔﮭﻮﮌﮮ ﭘﺮ ﺳﻮﺍﺭ ﺷﮩﺰﺍﺩﻭﮞ ﻧﮯ ﺁﻧﺎ ﺍﺳﯽ ﻟﺌﮯ ﭼﮭﻮﮌ ﺩﯾﺎ ﮨﮯ ﮐﯿﻮﻧﮑﮧ ﮨﻢ ﻧﮯ ﺧﻮﺩ ﮐﻮ ﻣﺼﻨﻮﻋﺎﺕ ﮐﯽ ﻃﺮﺡ ﺍﻧﺘﺨﺎﺏ ﮐﮯ ﻟﯿﮯ ﺑﺎﺯﺍﺭﻭﮞ ﻣﯿﮟ ﭘﯿﺶ ﮐﺮ ﺩﯾﺎ ﮨﮯ

ﺟﺐ ﻣﺮﺩ ﯾﮧ ﻣﺎﻥ ﻟﯿﺘﺎ ﮨﮯ ﮐﮧ ﻋﻮﺭﺕ ﺍﺱ ﺳﮯ ﮐﻢ ﻧﮩﯿﮟ ﺗﺐ ﻭﮦ ﺍﺳﮑﯽ ﻣﺪﺩ ﮐﮯ ﻟﯿﮯ ﮨﺎﺗﮫ ﺑﮍﮬﺎﻧﺎ ﭼﮭﻮﮌ ﺩﯾﺘﺎ ﮨﮯ . ﺗﺐ ﺍﯾﺴﮯ ﺧﻮﺑﺼﻮﺭﺕ ﻟﻤﺤﺎﺕ ﺍﯾﮏ ﺍﯾﮏ ﮐﺮ ﮐﮯ ﺯﻧﺪﮔﯽ ﺳﮯ ﻧﻔﯽ ﮨﻮﺗﮯ ﺟﺎﺗﮯ ﮨﯿﮟ، ﺍﻭﺭ ﭘﮭﺮ ﺯﻧﺪﮔﯽ ﺑﮯ ﺭﻧﮓ ﺍﻭﺭ ﺑﺪﻣﺰﮦ ﮨﻮ ﮐﺮ ﺍﭘﻨﺎ ﺗﻮﺍﺯﻥ ﮐﮭﻮ ﺩﯾﺘﯽ ﮨﮯ 

ﻣﻘﺎﺑﻠﮧ ﺑﺎﺯﯼ ﮐﯽ ﺍﺱ ﺩﻭﮌ ﺳﮯ ﻧﮑﻞ ﮐﺮ ﺍﭘﻨﯽ ﺯﻧﺪﮔﯽ ﮐﮯ ﺍﯾﺴﮯ ﻟﻄﯿﻒ ﻟﻤﺤﺎﺕ ﮐﺎ ﺍﺛﺎﺛﮧ ﻣﺤﻔﻮﻅ ﮐﺮ ﻟﯿﺠﯿﮯ 

تحریر: ﺍﺟﺎﻻ ﻋﺜﻤﺎﻥ

ذوقِ طلب



 میری طلب کسی اور سے نہیں، اپنے آپ سے کرنا! مجھے کسی اور کے پاس نہیں، اپنے ہی پاس ڈھونڈنا! میں تمہیں وہاں مل جاؤں تو ٹھیک ورنہ اور کہیں نہ ملوں گا! کسی کے پاس کیوں جاؤ؟ تمہارے سب سے قریب میں ہی ہوں، تمہیں میں وہاں نہیں ملا تو بغور دیکھو کوئی خلل تمہارے ہی اندر یا کہیں آس پاس ہوگا! ’دور‘ جانا عبث ہے!!!

وَإِذَا سَأَلَكَ عِبَادِي عَنِّي فَإِنِّي قَرِيبٌ أُجِيبُ دَعْوَةَ الدَّاعِ إِذَا دَعَانِ فَلْيَسْتَجِيبُواْ لِي وَلْيُؤْمِنُواْ بِي لَعَلَّهُمْ يَرْشُدُونَ 

     ’گھر‘ خالی کر لو، میں آبسوں گا!!!    قسمت والے ’قربت‘ کا جو لطف لیتے ہیں، اگر کہیں تم اس کا اندازہ کر لو تو اپنی اِس ’دوری‘ پہ تمہارے یہاں ماتم کی صفیں بچھ جائیں!!!
      جس کو راستہ طویل لگے، اس کے قدم آہستہ ہو ہی جاتے ہیں!!!
      ’معرفت‘ وہ بساط ہے جس پر ’منظورِ نظر‘ لوگوں کے سوا کسی کو پیر دھرنے کی اجازت نہیں!
        ’محبت‘ وہ نغمہ ہے جس پر وہی دل طرب میں آئے گا جو ہر دوسرے نغمے سے اچاٹ ہوچکا! ’محبت‘ ایک میٹھا لذیذ چشمہ ہے جس کے چاروں طرف تپتا صحرا ہے اور جس کی نشان دہی کیلئے ’بنی بنائی‘ پگڈنڈیاں نہیں پائی جاتیں! یہی وجہ تو ہے کہ اس تک کوئی کوئی پہنچتا ہے، البتہ ’طلبگار‘ اس تک پہنچے بغیر نہیں رہتے اور نہ کبھی اس کا راستہ بھولتے ہیں!
      سبحان اللہ! جنت کی دلہن ’رشتے‘ کیلئے آنے والوں کی راہ میں سج کر بیٹھی، اور تو نے دیکھا ذوق والے اس کی مانگ بھرنے کیلئے ’مِہر‘ کا بندوبست کرتے بھاگے پھرتے ہیں.... خدائے رب العزت اپنے اسماءوصفات کی راہ سے قلوب پر جلو گر ہوا اور قسمت والے اُس کی طلب میں رات دن ایک کر چکے.... اور تو سدا کا بدبخت، جس نے اِس ’مردار‘ سے ہی فرصت نہ پائی!!!
      ’عبادت‘ کرنے والے کو شجرِ ’طوبیٰ ‘ کے تلے دم لینے سے پہلے آرام کہاں!؟ چشم تصور سے اپنے آپ کو اس کی چھاؤں میں ٹھاٹھ سے مجلسیں کرتا ہوا دیکھو، یہ سب محنت آپ سے آپ آسان ہوجائے گی! طالبِ صادق کو ’یوم المزید‘ سے پہلے قرار کہاں!؟ ذرا اس دن کا منظر اپنے سامنے لاؤ، اس کیلئے آج جو کچھ کر رہے ہو، نہایت بھلا لگنے لگے گا!     امام احمد سے پوچھا گیا: مومن کو آخر آرام بھی کبھی دیکھنے کو ملے گا؟        فرمایا: ہاں، جب جنت میں پہلا قدم دھر لےگا!

     اس مختصر زندگانی میں اُس کی جانب یک رخ رہو، مابعد الموت کے اربوں کھربوں سال وہ تمہیں کفایت کرتارہے گا!

    بہشت کی روحیں بڑی ہی عجیب نکلیں۔ قلوب کی سواریوں پر وہ سامان لادا کہ الامان والحفیظ! گویا دنیا خالی کر کے رکھ دیں گے! لاکھ فرمائشیں ہوئیں کہ راستے میں ذرا سامان کھولو تو۔ پر نہیں مانے۔ جواب دیا سامان بادشاہ کا ہے بادشاہ کے پاس جا کر کھلے گا! یہ قافلے چلے جاتے دیکھنا ہوں تو کبھی ان کو سحر کے وقت دیکھو! نسیمِ سحر شاید انہی کی راہ دیکھنے نکلتی ہے! دشتِ ہویٰ کو اقدامِ عزم سے یوں خوشی خوشی پار کر گئے کہ پتہ ہی نہ چلا! زیادہ نہیں چلنا پڑا، کہ کیا دیکھتے ہیں، واہ! منزل آگئی!!! شہرِ وصل میں پہنچے تو انعامِ ابد سامنے تھا!!! خلد کی راحت نے دور ہی سے استقبال کیلئے بازو پھیلا دیے!!!

     بادشاہ نے ہیرے جواہرات کے بے پناہ خزانے کسی بیابان میں رکھ چھوڑے ہیں، اور کسی کو ان کی خبر نہیں سوائے بادشاہ کے اپنے خاص لوگوں کے۔ ان خزانوں کا سراغ لگانا چاہو، تو بغور دیکھنا بادشاہ کے یہ خواص اور مقرب آدھی رات کو اٹھ کر بھلا کہاں جاتے ہیں! ان کے پیچھے پیچھے چل دو، تو بھی کچھ حرج نہیں!!!
         خزانوں کی کوئی حد تھوڑی ہے!!! 

   پہرہ داروں کیلئے شب بیداری کوئی بات نہ رہی؛ کہ جانتے ہیں ان کی ’جاگتے رہو‘ کی آوازیں بادشاہ تک جاتی ہیں!

     سلمہ بن دینارؒ کہتے ہیں:
         جو چیز تمہیں پسند ہے کہ وہ آخرت میں تمہارے ساتھ ہو اُس کو ابھی سے بُک کروا دو۔ ایسا نہ ہو تم چلے جاؤ اور یہ پیچھے رہ جائے! جس چیز کے آخرت میں تمہارے پاس پائے جانے سے تمہاری جان جاتی ہے اس سے آج ہی جان چھڑا لو۔ ایسا نہ ہو کہ جانے لگو تو سامان میں ساتھ ہی چلی جائے!
(ماخوذ از الفوائد، مؤلفہ ابن قیم)

سنو بھی : ذرا کھل کر ' ذرا ہٹ کر '

میرے دیس میں ان دنوں
شور بپا ہے چاروں طرف
' ہم بدلیں گے پاکستان '

نعرہ سب کا ایک سا ہے
سب سے بڑھ  کر نوجوان نسل آگے آگے دوڑ رہی ہے
اسلام کو تو چھوڑ رہی ہے اغیار سے سب کو جوڑ رہی ہے 

ان نوجوانوں کو کوئی بتائے
نہ لا سکا ہے انقلاب کوئی
چھوڑ کر اپنے اسلاف کی روش کو
اور جن کو سمجھتے ہو تم مسیحا
ان کا حال تو ذرا سن لو
اہل ہوس میں گرم ہے پھر جنگ اقتدار
شعلوں کی زد میں سارا گلستاں ہے دوستو

   وقت گزاری کے لئے لکھ رہا ہوں کیوں کہ جانتا ہوں میرے لفظوں میں وہ تاثیر نہیں کہ آپ لوگوں کے دلوں کو پھیر دے -  موضوع سیدھا سادہ سا ہے  انگریزی فلمیں   انگریزی گانے ' انڈین فلمیں  انڈین گانے ' پاکستانی فلمیں   پاکستانی گانے - نوجوان نسل بلخصوص طبقہ اشرفیہ ' اپر مڈل کلاس اور مڈل کلاس کی نوجوان نسل مکمل طور پر رسیا ہو چکی ان خرافات کی - اور اس دلدل سے نکلنا ہوا مشکل -

  میں آپ کے سامنے قرآن و حدیث بلکل نہیں پیش کروں گا - کیوں کہ اگر میں نے پیش کر دیا اور کسی کے ماتھے پر ذرا سی شکن بھی آ گئی تو اس کی پکڑ سخت ہو گی کیوں کہ ہم مسلمان تبھی کہلاتے ہیں جب قرآن و حدیث پر دل و جان سے کم از کم ایمان تو رکھیں ' عمل بعد کی بات - 

  اس لئے میں اک نئے انداز سے آپ تک پہنچاؤں گا اپنے دل کی آواز (سوز و غم بھی که سکتے ہیں )اک ہوتا ہے ہیرو اور اک ہوتی ہے ہیروئین ' مرکزی کردار کسی بھی فلم کے - ٩٩% فلموں میں عشق و محبت و پیار و الفت  وغیرہ ہی بنیادی اجزا ہوتے ہیں -  کردار و الفاظ بہت  سوچ سمجھ کر سلیکٹ کئے جاتے ہیں تا کہ ناظرین زیادہ سے زیادہ محظوظ ہو سکیں اور پھر گانے کے بول تو سونے پر سہاگے کا کام کرتے ہیں - اور گانے کے دوران کی حرکات و سکنات تو آسمان پر پہنچا دیتی ہیں ناظرین کو - 

  الله تعالیٰ نے مرد ذات میں شہوت کے مادے کو عورت ذات سے زیادہ قوی بنایا ہے - قدرتی طور پر مرد ذات  میں عورت ذات کی خواہش رکھ دی گئی - اسی لئے اس کی ایک مثال جو کہ بہت بری ہے وہ ہے زنا با لجبر ' یہ تبھی انسان کرتا ہے جب شہوت پر کنٹرول کھو دیتا ہے - باقی اس بات سے انکار نہیں کہ عورت میں شہوت ہوتی ہی نہیں ' بلکل موجود ہوتی ہے مگر اس پر کئی اور چیزیں غالب ہوتی ہیں - تفصیل کسی اور موقع پر ' ابھی موضوع پر واپس آتا ہوں - مختصرا میری قوم کے نوجوان اسی لئے فلمیں دیکھتے گانے سنتے ایسی محافل میں جاتے ایسی محافل سجاتے - فلموں میں سب سے پسندیدہ مناظر گانے کے دوران والے ہوتے ہیں - اور خاص کر وہ گانا جس میں لفظوں اور حرکات میں مطابقت پائی جاتی ہو -  اور میری قوم کے نوجوان لڑکوں کی نظریں ہیرو پر بہت کم اور ہیروئن پر بہت دیر جمی رہتی ہیں گانے کے دوران - 

   ظاہر ہے مرد ذات یا نوجوان لڑکا ' ہیروئن کو اسی لئے دیکھتا ہے کہ وہ خوبصورت ' وہ پر کشش ' اس کا نسوانی حسن ' اس کے مختصر ترین کپڑے' اس کا چھلکتا جسم   - اتنی منظر کشی کافی ہے - - اب یہاں پر خاص نقطہ یہ ہے کہ کیا وہ تمام حضرات اس ہیروئن کی جگہ اپنی بیوی ' بیٹی ' بہن یا ماں کو دیکھنا پسند کریں گے  ؟(کیا وہ لوگ یہ کام اپنی عورتوں کو کرنے کی اجازت دیں گے ؟؟ ( ہر ہفتے کسی اور کی باہوں میں دوسروں کی عورتوں کو دیکھ کر خوش ہونے والے ' لذت اٹھانے والے ' محظوظ ہونے والے ' آنکھوں کی ٹھنڈک پانے والے  کیوں نہیں  اپنے گھر والوں کو ویسا کرنے دیتے ؟ 

  اب آتے ہیں نوجوان لڑکیوں کی سوچ کی طرف ' میرے خیال سے نوجوان لڑکیاں ہیرو پر زیادہ نظریں مرکوز کرتی ہوں گی ( میرا خیال غلط بھی ہو سکتا ہے) مگر یہاں اک بات اچھی ہے کہ ہیرو کے زیادہ تر کپڑے پورے ہی ہوتے ' ستر چھپا ہی ہوتا  سو لڑکیاں ' لڑکوں کی نسبت کم گناہ لکھوا پاتیں اب ذرا یہ مسلم لڑکیاں ہیروئن کی جگہ خود کو رکھیں اور سوچیں  کہ ہر ہفتے اک نیا غیر مرد آپ کے ساتھ ہو اور پوری دنیا آپ کو دیکھے (ہیروئن ہوتی نا آپ ) - پھر وہ تمام مناظر سوچیں ذرا آپ کہ آپ کے ساتھ ہیرو بھی وہی کچھ کر رہا ہو - - میں تو صرف لکھ رہا ہوں ہو سکتا ہے آپ کا پارہ چڑھ رہا ہو کہ کیا بکواس کر رہا ہوں - مگر مجبورا آپ سب خواتین و حضرات کو ماننا پڑے گا کہ میں غلط کچھ بھی نہیں که رہا -

  فلمیں دیکھنے اور گانے سننے کا رائی کے دانے کے برابر بھی مثبت احتمال نہیں نکالا جا سکتا نہیں بتایا جا سکتا -
بحثیت اک کمزور ترین درجے والا مسلمان ہو کر بھی ہم سب میں سے کوئی بھی فلمیں دیکھنے اور گانے سننے کا دفاع نہیں کر سکتا -  اگر اسلامی نقطہ نظر کو سائیڈ پر رکھ کر اوپر بیان کئے گئے سوالات کے جوابات آپ میں سے کوئی دے سکتا ہے تو اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اپنا عمل دکھا دے  کہ یہ دیکھو میرے گھر کی عورتیں یہ یہ کر رہیں ' اور اگر لڑکیاں جواب دینا چاہیں تو وہ بھی اپنے ہر ہفتے کے ہیرو کا نام بتا دیں - 

 فلمیں اور گانے چاہے وقت گزاری کے لئے دیکھیں اور سنیں مگر اثر ضرور ہو گا - وہ اثر جو کہ آپ خود نہیں چاہتے کہ ہو اصل میں مگر ذرا ان پہلوؤں پر غور کریں شائد کہ آپ تبدیلی لانے کے قابل ہو جائیں -

بات ختم کرتا ہوں اقبال کے اس شعر کے ساتھ 
چاہتے سب ہيں کہ ہوں اوج ثريا پہ مقيم
پہلے ويسا کوئي پيدا تو کرے قلب سليم
(نوٹ: یہ تحریر نقل شدہ ہے)


آزمائش اور استقامت


 الله تعالیٰ نے بنی نوح انسان کے لیے جو انبیائے کرام مبعوث فرمائے ہیں انکا کام لوگوں کی حق کی طرف رہنمائی تھا ـ ظاهر ہے اتنا کھٹن کام بغیر تکلیف اور مشقت کے کیسے پایہ تکمیل کو پہنچ سکتا ہے ـ کم وبیش ہر نبی کو اس کی امت کی طرف سے مصائب اور پریشانیوں کا کوہ گراں عبور کرنا پڑتا تھا تب جاکر کہیں کچھ لوگ انکی دعوت پر لبیک کہتے تھے ـ الله تعالی نے ان میں سے پانچ اولوالعزم پیغمبروں کا تذکرہ بطور خاص کیا ہے ـ جن میں حضرت نوح علیہ السلام حضرت ابراهیم علیہ السلام حضرت موسی علیہ السلام حضرت عیسی علیہ سلام اور جناب محمد رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے اسماء گرامی ہیں ـــ ان انبیاء کرام کے حالات کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ انکی آزمائشیں بہت ہی سخت تھیں ـ

    حضرت ابراهیم علیہ السلام کی آزمائشیں تو بہت زیادہ ہیں لیکن جس آزمائش پر آسمان کے فرشتے بھی رو پڑے تھے وہ آزمائش تھی اپنے محبوب لخت جگر سیدنا اسماعیل علیہ السلام کو اپنے ہاتھوں سے ذبح کرنا کہ جس کو رب سے رو رو کر مانگا گیا تھا ـ لیکن قربان جاؤں خلیل الله کی وفا پر کہ اپنے رب کے حکم پر بیٹے کی گردن پر چھری چلا دی ــ پھر رب نے صلہ بھی کیا خوب دیا فرمایا " انی جاعلک للناس اماما" آج یہودی بھی یہ دعوی کرتے ہیں کہ ابراهیم ہمارا ہے عیسائی بھی ابراهیم علیہ السلام کواپنا پیشوا تسلیم کرتے ہیں وہ الگ بات ہے کہ قرآن ان کے اس دعوے کی واشگاف الفاظ میں تردید کرتا ہے ـ" ما کان ابراهیم یہودیا ولا نصرانیا ولکن کان حنیفا مسلما "

    اگر اپنے اسلاف کی بات کی جائے تو ان میں امام احمد بن حنبل رح کی آزمائش اور استقامت خلق قرآن کے مسئلے پر ہے شاید ہی اسکی نظیر مل سکے ـ سیرت نگاروں نے لکھا ہے کہ امام صاحب کو قریبا اٹھائیس مہنیے تک قید میں رکھا گیا اور ایسی شدت کے کوڑے لگائے جاتے کہ اگر ویسا ایک کوڑا ہاتھی پر پڑتا تو چیخ مار کر بھاگتا مگر امام صاحب کی استقامت کو سلام ہےکہ جو کوڑے کھا کھا کر بے ہوش تو ہوجاتے مگر خلق قرآن کے عقیدے کا اقرار کرنا گوارا نہ کیا ـ حتی کہ امام بخاری رح کے استاد بھی یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ " الله تعالی نے اس دین کے غلبہ اور حفاظت کا کام دو شخصوں سے لیا ہے کہ جن کا تیسرا ہمسر نظر نہیں آتا ـ

    ارتداد کے موقع پر صدیق اکبر رضی الله عنہ اور فتنہ خلق قرآن کے موقع پر احمد بن حنبل ــ امام صاحب کی حق گوئی اور استقامت کا ایک نتیجہ تو یہ نکلا کہ خلق قرآن کا فتنہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا دوسرا انکے جنازے کو دیکھ کر بیس ہزار غیر مسلم اسلام لے آئے تھے ـ روایات میں آتا ہے کہ قریبا آٹھ لاکھ لوگوں نے امام صاحب کی نماز جنازہ ادا کی ـ امام شافعی رح جیسے فقیہ نےانکی اس قمیص کو دھوکر پیا کہ جو کوڑے لگتے وقت امام صاحب کے جسم پر تھی ـ یہ ایک دو واقعات نمونے کے طور پر تھے ـ حق پر استقامت کا صلہ الله کی طرف سے ضرور داعیوں کو ملتا ہے ـ اور وہ لوگوں کی ھدایت کا زریعہ بنتے ہیں ـ ایک الله والے کا قول ہے کہ استقامت ہزار کرامتوں سے افضل ہے ـ ایک موقع پر الله کے رسول صلی الله علیہ وسلم نے بھی اس بات کی طرف اشارہ فرمایا کہ ان پر وہ آیت بھاری ہے کہ جس پر استقامت کا حکم دیا گیا ہے ـ الله تعالی ہم کو بھی حق پر استقامت نصیب فرمائے ـ آمین

خوشی کا اُصول




اس پوسٹ سے قبل میں ایک بلاگ پوسٹ لکھ چُکی ہوں جس کا موضوع خوشی اور ٹایئٹل "خوشی کا راز " تھا۔ آج جو پیشِ خدمت ہے اسکا نام ہے" خوشی کا اُصول" اب آپ سوچیں گے کہ خوشی کے اُصول اور خوشی کے راز میں کیا فرق ہوگیا؟عقلمند ویسے ایسا نہیں سوچیں گے کیونکہ راز اور اُصول میں بہت زیادہ فرق ہوتا ہے۔ خوشی کے ناکام راز آپ کے سامنے پہلے ہی فاش ہوچکے ہیں اب آپ کو خوشی کے لاگو اْصولوں کا سامنا کروانے کی سعی کرتے ہیں.
  خوشی کا کیا اُصول ہوتا ہے؟

    پہلے دادی اور پھر اپنے پاپا سے کہانیاں سُننے کا شوق بچپن میں میرے سر پر سوار تھا کہانیاں جو لوک داستانوں کی شکل میں ہوتی ہیں یا بادشاہوں کی کہانیاں اپنے اندر بہت گہرے راز سموئے ہوئے ہیں۔ بچپن میں دہرائی جانے والی ان کہانیوں میں ایک ایسے قصے کا بھی ذکر تھا جس کے اندر خوشی کا اُصول بیان ہوا ہے یہ ایک جابر اُصول تھا مگر کسی نہ کسی صورت میں اُصول سارے ہی جابر ہوتے ہیں۔ کہانی میں ایک ایسی ریاست کا ذکر ہے جس کے بادشاہ کا ایک ہی اُصول ہے کہ رعایا کو جیسی بھی حالت میں رکھا جائے مگر بادشاہ اُن سے روز رات کو ایک سوال ضرور پوچھے گا کہ "خوش ہو؟" اور سب نے ہاں میں ہی جواب دینا ہے کوئی بھی "نہ" میں جواب نہیں دے سکتا۔ نفی میں جواب دینے والے کو سخت سے سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا ، اب بادشاہ کی ریاست میں رعایا کو دن رات کام کروایا جاتا ہے پورے دن کی مزدوری کے بعد کھانے کو ایک سوکھی روٹی اور دال دی جاتی اور پھر رات کو جب بادشاہ سلامت پوچھتے کہ "خوش ہو؟" تو سب یہی جواب دیتے کہ خوش ہیں اس ایک اُصول کی کوئی خلاف ورزی نہیں کرسکتا تھا پھر کچھ یوں ہوتا ہے کہ ایک انتہائی چالاک لڑکا بادشاہ سے بدلا لیتا ہے اور اس کا جینا محال کردیتا ہے اور ہر بار سوال پوچھتا ہے کہ "بادشاہ سلامت خوش ہیں؟" کیونکہ اُصول بادشاہ پر بھی لاگو ہوتا تھا، ریاست جیسی بھی تھی استثنیٰ سے عاری نہیں تھی تو بیچارے بادشاہ کو اپنا سب کچھ لُٹا کر بھی جواب دینا پڑتا کہ ہاں خوش ہوں، یہ پنجاب کی ایک مشہور کہانی یا قصہ ہے جو دادیاں نانیاں سُناتی ہیں میری دادی نے ہی میرے پاپا کو سُنائی پھر وہ آگے پھیلائی گئی مگر اس کہانی میں کیا سبق چُھپا ہے؟؟ تو وہ ہے خوشی کا اُصول ۔ کیا ایسا خوشی کا اُصول ہوتا ہے؟ بس دیکھ لیں۔

        ہمارے گھر بھی ایک ریاست ہیں جہاں سارے گھر کی مالکن اور بادشاہ "ماں " ہوتی ہے اور ہماری عموماً سب مایئں اِسی اُصول کو اپنے لاشعور میں سمو کر اپنی اس ریاست کے امور سرانجام دے رہی ہیں ہم سب کے گھروں کا صرف ایک اُصول ہے  بادشاہ ماں ہے جس نے بغیر الفاظ کے یہ سوال پوچھتے  رہنا ہے کہ "خوش ہو؟" اور رعایا یعنی بچوں نے یہی جواب دینا ہے کہ "ہاں خوش ہیں" نہیں کہنے کا یہاں سوال ہی پیدا نہیں ہوتا "نہیں" کہنے کی صورت میں کیا ہوتا ہے؟ مجھے نہیں معلوم سزا کس حد کی ہوتی ہوگی، کہاں تک ہوتی ہوگی یا ہوتی بھی ہو کہ یا نہیں مگر یہ روایت ہی نہیں ہے کہ انکار کیا جائے "نہیں" کا کوئی جواز نہیں ہے،ماں کیسی بھی پڑھی لکھی ہو یا ان پڑھ ، مڈل کلاس ہو یا اپر مڈل کلاس سب کی ریاست کا ایک ہی اُصول ہے "خوش ہو" "ہاں جی خوش ہیں " جو ملے خوش ہو ، نہیں ملا خوش ہو ، ماں کبھی "نہیں خوش ہوں" نہیں سُنتی اور کبھی یہ سوال پوچھتی بھی نہیں ہے کہ خوش ہو یا نہیں مگر بہانوں بہانوں میں اس کا جواب مانگتی رہتی ہے ، کوئی بھی گلہ شکوہ سُننے سے انکاری ماں ہمیشہ بچوں کو خوش ہی ماننا چاہتی ہے ، یہ خدانخواستہ کوئی برائی نہیں ہے جو یہاں بیان کی جارہی ہے نہ ہی اس کا تعلق ماں جیسی عظیم ہستی کے احسانات و محبت سے انکار ہے یہ محض رویوں کی بات ہے اور اس بات کے ایمان کی کہ میرے بچے خوش ہیں ، اب چاہے وہ خوش نہیں ہیں مگر پھر بھی وہ اس بات کا ایمان کبھی نہیں ٹوٹنے دیتیں کہ میرا بچہ خوش ہے ۔اسکا تعلق صنفی تفریق سے بھی نہیں ہے بیٹا ہو یا بیٹی ماں اِس اُصول کا استعمال دونوں پر ہی برابری سے کرتی ہے اور کبھی اس اُصول میں تفریق نہیں برتتی ، میں نے ماؤں کو اپنے بچوں کے لئے مانگتے دیکھا ، کبھی اُن کی چھوٹی سے چھوٹی خواہش کے لئے دوسروں کے آگے ہاتھ پھیلاتے ہوئے دیکھا،کبھی اپنے بچے کے علاج کے لئے زاروقطار  روتے ہوئے دیکھا ہے ، دوسروں سے اپنے بچوں کی خاطر لڑتے ہوئے بھی دیکھا ہے مگر جب بات بچے اور ماں کے درمیان کے تعلق پر آتی ہے ماں فوراً وہ بادشاہ بن جاتی ہے جسکو اپنے بچے کی "ہاں" ہی سُننی ہے ، میں نے پچھلے دنوں کچھ لوگوں کو بہت عجیب گفتگو کرتے سُنا وہ کہہ رہے تھے کہ "ماں اور خدا کے سوا کوئی انسان کے شکوے نہیں سُنتا" خدا سے شکوے کرنے کو لوگ ناشُکری قرار دیتے ہیں اور ایسی بھی  "ماں" ہے بھئی جو شکوہ سُن لیتی ہے؟ ہماری تو نہیں سُنتی یہ مزاق نہیں ہے ہماری ماؤں کا یہ ایمان ہے کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا کہ تم خوش نہ ہو ، شائد یہ اُصول بھی ماں نے خدا سے ہی سیکھا ہے خدا بھی بندے کو کبھی گراتا ہے کبھی اُٹھاتا ہے کبھی نواز دیتا ہے کبھی چھین لیتا ہے مگر آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ میں خوش نہیں ہوں ، خدا کا حکم ہے کہ ہر حال میں خوش رہنا ہے یہی خوشی کا اُصول ہوتا ہے یہی ماں کا اُصول ہوتا ہے ہماری ماؤں کے لئے ہم دنیا کے خوش و خرم انسان ہیں کیونکہ اُنہوں نے جب بھی پوچھنا ہے تم خوش ہو تو "ہاں خوش ہیں" ہی جواب دینا ہے ، یہ اُصول بھی ماں بادشاہ کا اپنا بنایا ہوا ہے اور وہ لوگ جن کی ماں "نہیں خوش ہوں " سُن لیتے ہیں وہ بھی خوش قسمت انسان ہیں یہ بھی ماں کی محبت کا ایک طور ہوتا ہوگااُس کی سہہ جانے کی ایک صلاحیت ہوتی ہوگی  مگر شاید وہ اُصول سے آزاد ہوں گے خوشی کے اُصول سے آزاد ۔یہ خوشی کا اُصول جو یہاں لاگو ہے یہ ماں نے آپکو زندگی کی شاید ایک پریکٹیس کروانی ہوتی ہے تسلیم و رضا سیکھانی ہوتی ہے کہ خدا کسی بھی حال میں رکھے جواب "خوش ہوں " ہی دینا ہے۔

تحریر: فریحہ فاروق