نیرنگ: فوک وزڈم
یہ ان دنوں کی بات ہے جب میں ایف ایس سی میں تھا - ہم لوگ مظفرآباد (آزاد کشمیر) میں رہتے تھے - بے فکری کے دن تھے - سکول کی بندشوں سے نئے نئے آزاد ہوکر ہم لوگ کالج کی کھلی فضاؤں میں محو پرواز تھے - اس زمانے میں ہم تین دوست ہوا کرتے تھے جن میں سے ایک کے اہل خانہ سیالکوٹ میں مقیم تھے لہٰذا اسکا گھر ہمارا فطری ٹھکانا ہوتا تھا
اس دوست کے والد (الله انہیں جنت نصیب فرمائے) اس وقت ایک اعلیٰ سرکاری عہدے پر تھے انکی عمومی شہرت ایک انتہائی سخت گیر افسر اور انسان کی تھی ہمارے دوست کے ہاں ایک کافی پرانے اور عمررسیدہ ملازم تھے جنکا نام زمان تھا اور انہیں صوفی زمان کے نام سے جانا جاتا تھا - ہم لوگ انہیں زمان پاء جی کہا کرتے تھے- وہ دور بھی کچھ اچھا تھا اورعمر رسیدہ اور پرانے ملازمین کی عزت ظاہراً ہی نہیں بلکہ دلی طور پر کی جاتی تھی اور انہیں گھر کے ایک فرد کی حیثیت ہی دی جاتی تھی - زمان پاء جی ہمارے ساتھ بڑے بے تکلف تھے - دیہاتی پس منظر کا ہونے کی وجہ سے زمان پاء جی کی طبیعت میں صاف گوئی اور اکھڑ پن بھی بدرجہ اتم پایا جاتا تھا - انکے اکھڑ پن کا یہ عالم تھا کہ میرے دوست کے والد صاحب جن سے بحث یا اختلاف کا انکے ماتحت تو کیا ہم منصب بھی تصور نہیں کرسکتے تھے زمان پاء جی ان سے بھی وقتاً فوقتاً بحث اور اختلاف فرمایا کرتے تھے اور زیرعتاب آنے سے بھی بچ جایا کرتے تھے
جوانی کے فطری تقاضوں کے پیش نظر ہمارے معمولات میں گاڑیوں میں بے مقصد گھومنا بھی ہوتا تھا جو اتنا بے مقصد بھی نہیں تھا بلکہ ایک خاص مشن جسے عرف عام میں "پونڈی" کے طور پر جانا جاتا ہے کے تحت ہوتا تھا - اس زمانے کے مظفر آباد میں صرف دو ہی قابل ذکر جگہیں ایسی تھیں جہاں یہ مقصد حاصل کیا جاسکتا تھا جن میں سے ایک شہر کا اکلوتا گرلز ڈگری کالج جسکے ساتھ ہی گرلز ہائی سکول متصل تھا اور دوسرا شہر کی واحد زنانہ مارکیٹ یعنی مدینہ مارکیٹ تھی - سو عمومی طور پر ہمارے روٹ میں یہ دونوں مقامات شامل ہوتے تھے - اکثر بازار سے سودا سلف وغیرہ لانے کے لئے زمان پاء جی بھی ہمارے ساتھ ہی گاڑی میں ہوتے اور بظاہر غیر متعلق نظر آتے ہوئے بھی ہم پر نظر رکھے ہوتے
ایک دن ہم دوست کے گھر بیٹھے ہوئے تھے زمان پاء جی حسب معمول ہمارے لئے چائے لیکر آئے اور حسب عادت باتوں میں حصہ بھی لینا شروع کر دیا - باتوں باتوں میں زمان پاء جی اپنی پہاڑی زبان میں کہنے لگے "یرا تساں کو میں ایک بات سناواں؟" ہم نے کہا جی ضرور
اب جو قصہ انہوں نے سنایا میں اسے اردو میں سینسر کر کے سناتا ہوں
ایک پہاڑی بکری چراگاہ پہنچی جہاں ایک گیدڑ کا بچہ جو بہت دیر سے بھوکا تھا، پہلے سے موجود تھا - بکری نے چرنا شروع کردیا - گیدڑ کا بچہ جس نے پہلی دفعہ پہاڑی بکری دیکھیتھی اسے پوری بکری میں سے جو چیز قابل توجہ نظر آئی وہ بکری کے لٹکتے ہوئے تھن تھے - اس نے پہلی بار ایسی چیز دیکھی تھی - اسے بھوک بھی بہت لگی ہوئی تھی اسے لگا کہ یہ ٹوٹ کرابھی نیچے گر جائیں گے اور میں انہیں کھا لونگا کیونکہ بکری کی جسامت کے پیش نظر اس پر حملہ تو ممکن نہیں - بکری اپنی دھن میں چرتی رہی اور گیدڑ بھوکے پیٹ نرم گلابی گوشت کے خوابوں میں مست پیچھے پیچھے چلتا رہا - ہوتے ہوتے شام ہوگئی بکری نے اپنی راہ لی اور گیدڑ نڈھال ہوکر وہیں گر گیا
تم لوگوں کی مثال بھی اس گیدڑ جیسی ہے کہ گاڑیوں میں پیچھے پیچھے پھرتے رہتے ہو ہر لڑکی آرام سے گھر چلی جاتی ہے اور تم تھک کے واپس اپنےگھر، ملنا ملانا کچھ بھی نہیں اور خواری الگ
اس وقت تو ہم نے زمان پاء جی کی بات سنی ان سنی کردی لیکن کچھ ہی عرصے میں اس کی بہت اچھی طرح سمجھ آگئی
حالیہ دنوں میں میڈیا کی جنگ اور سیاسی جماعتوں کی پھرتیاں دیکھ کر نہ جانے کیوں زمان پاء جی کا سنایا ہوا قصہ یاد آ رہا ہے مگر ہماری طرح اس وقت یہ قصہ کسی کو سمجھ نہیں آئے گا اور جس وقت سمجھ آئیگا اس وقت اس کا کوئی خاص مصرف نہیں رہے گا